عربی گرامر سوال و جواب

صرف و نحو: سوالات و جوابات

عربی گرامر (صرف و نحو) کے سوالات کے جائزہ شدہ جوابات: صیغے، ابواب، تعلیلات، اعراب اور ترکیب۔

کل 7 جوابات شدہ سوالات

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے میں کہ میں انگلینڈ میں رہتا ہوں میں نے ایک پراپرٹی خریدنے کے لئے یہاں کے بینک سے مورگیج کے طور پر قرض لیا ہے جس کے میں ماہانہ £700 ادا کرتا ہوں جس میں سے مثلاً £50 تو سود کے طور پر اور باقی قرض کی ادئیگی کے طور پر۔ معلوم یہ کرنا تھا کہ کیا اس طرح بینک سے قرض لینا ہمارےلئے جائز ہے؟

جواب: پوچھی گئی صورت میں یورپ و امریکہ جیسے غیر مسلم ممالک میں نقد میں پراپرٹی خریدنا بلا شبہ بہت زیادہ مشکل کا م ہے۔ سود کو اسلام نے حرام قرار دیا ہے اور کوئی بھی مسلمان دوسرے مسلمان کو سود نہ تو دے سکتا ہے نہ ہی لے سکتا ہے لیکن کافر حربی اور مسلمان کے درمیان سود کے لین دین کا معاملہ مختلف ہے ۔ ہدایہ میں ہے: ”لَا رِبوٰا بَیْنَ الْمُسْلِمِ وَالْحَرْبِی“ ترجمہ: مسلمان اور حربی کافر کے درمیان سود نہیں ہوتا۔ (ہدایہ آخرین، صفحہ 90) یہی وجہ ہے کہ فقہائے کرام نے کافر حربی سے اس عقد کے ذریعے نفع لینے کو جائز قرار دیا ہے جو سودی طریقے پر مشتمل ہو مثلاً کافر کو قرض دے کر زائد رقم لینا مسلمان کے لئے جائز ہے لیکن سود کی نیت ہرگز نہیں کرے گا بلکہ جائز نفع سمجھ کر لے گا۔ واضح رہے کہ فقہاء کرام نے اس کا اُلٹ کرنے کی اجازت عام حالات میں نہیں دی یعنی یہ جائز نہیں کہ مسلمان کافر سے قرضہ لے اور اس پر اسے سودی طریقے پر نفع دے۔ البتہ غیرمسلم ممالک میں ذاتی گھر خریدنے کی دقت و دشواری کے پیشِ نظر مورگیج کی صورت میں قرضہ لے کر نفع دینا بوجہِ حاجتِ شدیدہ کے جائز ہے متعدد فقہائے عصر نے اس کی اجازت دی ہے تفصیل کے لئے دیکھئے فتاویٰ بریلی صفحہ33۔ نیز چونکہ یہ اجازت صرف حاجت شدیدہ کے پیشِ نظر ہے اس بِنا پر یہ جائز نہیں کہ کوئی ذاتی گھر کے علاوہ مورگیج پر اضافی گھر لے کرخرید و فروخت کا کاروبار شروع کر دے ۔

سود کے مسائل1 جواب
1 نومبر، 2024

سودی بینک میں MTO (Management Trainee Officer)کی ملازمت کر سکتے ہیں ،اس میں سود کی ریکوری وغیرہ کرنی ہوتی ہے ؟

بینک میں MTO (Management Trainee Officer) کی جاب کرنا ، ناجائز وگناہ ہے کیونکہ اس میں سود کی ریکوری بھی کرنی پڑتی ہے اور کسٹمرز کو سود پر لون فراہم بھی کرنا پڑتا ہے اورایسی ملازمت جس میں سود کا لین دین ہو ، ناجائز و حرام ہے کہ یہ حرام ہے اور حرام کام کی معاونت اور اس پر اجارہ بھی ناجائز و حرام ہے، اس کے علاوہ بینک کی جس ملازمت میں سود کے متعلق کام نہ کرنا پڑے جیسے سیکورٹی گارڈ، الیکٹریشن اور ڈرائیور وغیرہ کی نوکری تو ایسی نوکری جائز ہے ۔

سود کے مسائل1 جواب
28 اکتوبر، 2024

سوال : مفتی صاحب یہ بتادیجئے ایک کمپنی نے اسکیم شروع کی ہے جس میں ہم اپنے موبائل میں اکاونٹ کھلواتے ہیں اور اسے ایک دن رکھنے پر ہمیں فری منتس ملتے ہیں اور ایک دن تک نہ رکھیں تو فری منٹس نہیں ملتے ، اس کے علاوہ مزید بھی سہولیات ہیں کیا یہ اکاونٹ ہم کھلواسکتے ہیں ؟

جواب : اس طرح کا اکاونٹ کھلوانا جائز نہیں ہے کیونکہ اکاونٹ میں رکھی رقم کی حیثیت قرض کی ہے ، اور جو منٹس مل رہے ہیں ایک مخصوص اماونٹ ، مخصوص وقت تک رکھنے پر مل رہے ہیں اگر وہ اماونٹ نہ ہو تو فری منٹس نہیں ملے گے ، یہ واضح طور پر قرض پر نفع کا حصول ہے جوکہ سود ہے اور سود ناجائز و حرام ہے۔اس رقم کو تحفہ یا امانت سے تعبیر کرنا بھی غلطی ہے ۔ نیز کوئی شخص ایسا بھی نہیں کرسکتا کہ وہ یہ کہے میں فری منتس نہیں لوں گا ، رقم ایک دن سے زیادہ نہیں رکھوں گا اس صورت میں منع ہی کیا جائے گا کیونکہ جب کمپنی اور اس کے درمیان معاہدہ ہوا تو یہ معاہدہ ہی جائز نہیں تھا کہ اس نے قرض پر نفع حاصل کرنے کا عہد تو کرہی لیا کہ اگر جمع ہوئے تو فری منٹس لوں ورنہ نہیں ۔ لہذا اگر کسی نے یہ اکاونٹ کھلوایا ہو تو اسے چاہیئے کہ یہ اکاونٹ فورا بند کروادے ۔ واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب ۔

سود کے مسائل1 جواب
28 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علماے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ میرے ذہن میں شیئر مارکیٹ کے تعلق سے ایک شبہ ہے کہ جو کمپنی کے مالکان ہیں جیسے بینکوں سے سودی معاملات جائز ہیں جن کمپنی کے مالکان غیر مسلم ہیں تو ان بینکوں سے سود جائز ہے ۔ اسی طرح جو کمپنی ہے ٹاٹا وغیرہ ان کمپنیوں کے مالکان عام طور سے غیر مسلم ہوتے ہیں تو جب ان کمپنیوں کے مالکان غیر مسلم ہیں تو ان کے ساتھ شیئر کرنا، ان کے شیئر خریدنا اور نفع لینا غیر مسلم سے تو یہ بھی جائز ہونا چاہیے، ہماری عقل وہاں تک نہیں پہنچ رہی ہے تو دریافت طلب امر یہ ہے کہ مسلم اور کافر کے درمیان ربا اور سود ہے نہیں تو پھر شیئر مارکیٹ میں یہ ناجائز سود کو معیار بنا کر کے قرار دیا گیا ہے اس کی وضاحت فرما دیں۔ کرم ہو گیا۔

بینک میں جو لوگ روپئے جمع کرتے ہیں وہ بینک کے مالک نہیں ہوتے وہ بینک کے کھاتے دار ہوتے ہیں۔ بینک کا مالک کوئی اور ہوتا ہے تو کھاتے دار کا حکم الگ ہے ۔ شیئردار کا حکم الگ ہے ۔ کھاتے دار بینک کا مالک نہیں ہوتا اور شیئر دارمالک ہوتا ہے، یہ ہے دونوں میں فرق ۔شیئردار جب کمپنی کا مالک ہے تو جہاں ہزاروں اس میں غیر مسلم ہیں وہاں ہزاروں یا کم از کم سیکڑوں مسلم بھی ہیں اور یہ سب کی سب اپنے ترجیح حصص والوں کو سود دیتے ہیں اور پریفرینس شیئر والے مسلم بھی ہو سکتے ہیں تو اس کا حاصل ہوا کہ مسلم نے مسلم کو سود دیا اور مسلم مسلم کو سود دے یہ جائز نہیں ہے بلکہ حرام ہے ۔ لیکن بینک والے مسئلہ میں ایسا کبھی لازم نہیں آتا ہے کہ مسلم نے مسلم کو سود دیا کیوں کہ یہاں مالک نہیں ہے یہ تو صرف کھاتے دار ہے ۔ یہ دائن ہے اور بینک مدیون ہے اور شیئر والے مسئلہ میں دائن اور مدیون کی بات نہیں ہے۔ مگر ایکوٹی شیئر والے سب کی سب کمپنی کے اصل مالکان ہیں جن میں مسلم بھی ہیں اور غیر مسلم بھی۔ اب پریفرنس شیئر جو لوگ لیں گے جو اپنی حقیقت کے لحاظ سے سود اور قرض کا معاملہ ہے ان میں بھی مسلم و غیر مسلم ہوں گے تو پھر وہی لازم آئے گا کہ مسلم نے مسلم کو سو د دیا۔ مسلم نے مسلم سے سود لیا تو مسلمان کا مسلمان سے سود دینا لینا حرام و گناہ ہے تو یہ فرق ہے کھاتے داروں میں اور شیئر داروں میں۔ واللہ تعالٰی اعلم

سود کے مسائل1 جواب
21 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علماے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ میں کہ : شیئر مارکیٹ میں انویسٹ کرنا کیسا ہے ؟ جائز ہے یا نا جائز ہے ؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب رقم فرمائیں ، اور عنداللہ ماجور ہوں ۔

شیئر مارکیٹ میں روپئے انویسٹ کرنا نا جائز ہے اور حکم شرعی یہی ہے کہ اس میں تجارت سے ، شرکت سے، پارٹنر شپ سے بچا جائے؟ کیوں کہ اس میں سود سے آلودہ ہونا پڑتا ہے اور سود سے آلودہ ہونا ،سود دینا ، لینا یہ ناجائز ہے ۔ تحقیق و تفصیل کے لئے کتاب ” شیئر بازار کے مسائل“کا مطالعہ کریں ۔ واللہ تعالیٰ اعلم

سود کے مسائل1 جواب
21 اکتوبر، 2024

کیا شیئر مارکیٹ کے جواز کا کوئی حکم ہے؟ یہ اسلئے معلوم کیا کہ بعض اہل علم کی رائے سے تشویش ہوئی ہے، انکے مطابق جواز کی صورت بھی ہے ۔

عدم جواز کی وجہ سود ہے اور شیئر بازار میں کاروبار سے ممانعت کی اصل بنیاد بھی یہی ہے ۔ ورنہ یہ تو سب جانتے ہیں کہ مال، حرام ہو مثلاً خنزیر یا خمر یا مردار ہو تو اس کا کاروبار مسلمان کے لیے حرام ہے اور مال حلال ہو مثلاً بکری، شربت یا مذبوح مرغ وغیرہ ہو تو اس کا کاروبار حلال ہے ، ساری دنیا میں مسلمانوں کا عمل اس پر ہے اور یہ سب کو معلوم بھی ہے ، یہ بتانے کی ضرورت نہیں۔ شیئر کمپنی تین طرح کے معاملات کے پہیے پر گردش کرتی ہے: •ایکوٹی شیئر • پریفرینس شیئر •قرض تمسکات ان میں پریفرینس شیئر اور قرض تمسکات تو سودی ہی ہوتے ہیں کہ ان معاملات کی بنیاد میں سود داخل ہے ، اور ایکوٹی شیئر میں سود تو نہیں ہوتا، لیکن اس کے شیئر ہولڈرس جو کمپنی کے مالکان ہوتے ہیں وہ قرض تمسکات والوں اور پریفر نیس شیئر داروں کے سود اپنے ملازمین کے ذریعہ ادا کرتے ہیں اور یہ بلاشبہ حرام ہے، اس لیے ہم اس سے بچنے کا حکم دیتے ہیں ، اور جب تک سود سے یہ آلودگی پائی جائے گی حرمت کا حکم بر قرار رہے گا جیسا کہ کتاب و سنت کے نصوص میں اس کا ذکر واضح الفاظ میں ہے۔ ایسا نہیں کہ متاعِ خرید و فروخت کی وجہ سے اس سے بچنے کا حکم ہو، وہ تو سب جانتے ہیں کہ متاع حرام ہے تو معاملہ حرام ہے اور متاع حلال ہے تو معاملہ حلال ہے، مثلاً چاول، آٹا، دال، سبزی وغیرہ حلال اشیا کا کاروبار اصالۃً جائز ہے تو وہ جائز ہی ہے ، وہ کیوں حرام ہو گا اور کوئی بھی صاحب علم اسے کیوں حرام کہے گا، کیا جب کوئی محقق وقت بتائے گاتب دنیا اسے حلال سمجھے گی، مطلقاً ممنوع ہونے کی اصل وجہ وہ ہے جو او پر بیان ہوئی۔ اس میں میری نگاہ میں جواز کا کوئی گوشہ نہیں۔ اگر کوئی صاحب علم اس میں جواز کا کوئی گوشہ بتائیں، یا یہ واضح فرمائیں کہ کمپنی کا طریق کار بدل کر اسے سود کی آلودگی سے پاک کر دیا گیا ہے تو ضرور ایکوٹی شیئر کے جواز کا حکم ہو گا جب کہ متاع حلال ہو مگر ہمیں اب تک ان دونوں باتوں سے آگاہی نہیں ہو سکی، ممکن ہے کسی صاحب اطلاع کو معلوم ہو۔ واللہ تعالی اعلم۔

سود کے مسائل1 جواب
21 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرعِ متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ موبائل کمپنیاں مختلف قسم کے پیکجز دیتی رہتی ہیں تاکہ لوگ ان کی طرف مائل ہوں، ان ہی میں سے ایک پیکیج لون(Loan) کا بھی ہے۔ اس کا طریقۂ کار یہ ہوتا ہے کہ اگر آپ کے پاس بیلنس ختم ہوگیاہے تو کمپنی یہ آفر کرتی ہے کہ آپ لون لے لیں پھر جب آپ موبائل میں بیلنس ڈلوائیں گے تو ہم نے جتنے دئیے ہیں وہ اور اتنے اوپر مزید کاٹ لیں گے اور یہ بات کسٹمر کو معلوم ہوتی ہے اور کسٹمر راضی ہوکر لَون لیتا ہے۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا اس میں زیادہ پیسے کاٹنا شرعاً جائز ہے؟بعض لوگ کہتے ہیں یہ سود ہے کیا یہ بات درست ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ مذکورہ معاملہ ہرگز سود نہیں بلکہ ایک جائز طریقہ ہے کیونکہ یہ اجارہ ہے قرض نہیں کہ یہاں کمپنی سے پیسے وصول نہیں کئے جارہے بلکہ اس کی سروس استعمال کی جارہی ہے۔ عمومی طور پر کمپنی پہلے پیسے لے لیتی ہے اور پھر سروس فراہم کرتی ہے جبکہ پوچھی گئی صورت میں کمپنی پہلے سروس فراہم کررہی ہے اور پھر پیسے وصول کررہی ہے اور یہ دونوں طریقے جائز ہیں یعنی منفعت فراہم کرنے سے پہلے عوض لے لینا بھی درست ہے اور منفعت فراہم کرنے کے بعد عوض لینایہ بھی درست ہے۔ اگرچہ پہلی صورت میں عوض کم وصول کیا جارہا ہے اور دوسری صورت میں عوض زیادہ لیا جارہا ہے اور کمپنی کو اس بات کا حق حاصل ہے کہ وہ پیشگی سروس عام ریٹ سے ہٹ کر کچھ زیادہ قیمت پر فراہم کرے جیسے نقد و اُدھار کی قیمتوں میں فرق کرنا جائز ہوتا ہے نیز صارف کو بھی یہ بات معلوم ہے کہ بعد میں ادائیگی کی صورت میں یہ سروس مجھے عام قیمت سے ہٹ کر کچھ زیادہ قیمت پر فراہم کی جائے گی اور وہ اس بات پر راضی ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ البتہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ اس سہولت کو لون (Loan)کا نام نہ دیا جائے کیونکہ اس سے یہ شبہ لاحق ہوتا ہے کہ کمپنی قرض دے کر اس پر نفع وصول کررہی ہے اور بعض لوگوں نے اسے سود سمجھ بھی لیا حالانکہ اس کو سود سمجھنا غلط ہے کیونکہ کمپنی یہاں پیسے نہیں بلکہ سروس دے رہی ہے۔

سود کے مسائل1 جواب
19 اکتوبر، 2024