متعلقہ موضوعات
آن لاٸن کاروبار اور جدید مساٸل
1
سوال : مفتی صاحب یہ بتادیجئے میں ایک WEB-SITE -DEVELOPER ہوں اور ایک کمپنی میں جاب کرتا ہوں ، وہاں مجھے ایک ایسی ویب سائٹ بنانے کا کہا گیا ہے اس ویب سائٹ کا استعمال جوا کھیلنے والوں کے لئے ہے ، کیا میں یہ ویب سائٹ بناسکتا ہوں ؟
28 اکتوبر، 2024Abdul Qudoos
Abdul Qudoos
A
جواب : اس طرح کی ویب سائٹ ہر گز نہ بنائیں کہ آپ گناہ کے کام پر معاون ہونگے ۔ اور یہ کام ناجائز ہے تو آپ کا اجارہ بھی ناجائز ہی ہوگا۔
اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے :﴿ وَلَا تَعَاوَنُوۡا عَلَی الۡاِثْمِ وَالْعُدْوَانِ﴾ترجمہ: اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ کرو۔(القرآن الکریم،پارہ 06،سورۃ المائدہ،آیت 02)
سیّدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ ” جد الممتار“ میں فرماتے ہیں:”أن معنی ما تقوم المعصیۃ بعینہ أن یکون فی أصل وضعہ موضوعاً للمعصیۃ أو تکون ھی المقصودۃ العظمیٰ منہ فانہ اذا کان کک یغلب علی الظن أن المشتری انما یشتریہ لاتیان المعصیۃ لأن الأشیاء انما تقصد للاستمتاع بھا فما کان مقصودہ الأعظم تحصیل معصیۃ معاذ اللہ تعالیٰ کان شراؤہ دليلاواضحاً علیٰ ذالک القصد فیکون بیعہ اعانۃ علی المعصیۃ ۔۔و کذالک ما لم یکن موضوعاً لذالک بعینہ و لا ما ھو المقصود الأعظم منہ لکن قامت قرینۃ ناصۃ علیٰ أن مقصود ھذا المشتری انما یستعملہ معصیۃ “ترجمہ:وہ معنی جس کے عین کے ساتھ معصیت قائم ہوتی ہے وہ یہ ہے کہ وہ شے اپنی اصل وضع میں معصیت کے لیےوضع کی گئی ہو یا اس کا بڑا مقصود معصیت ہو، تو جب اس طرح ہوگا تو اس بات کا ظن غالب ہوجائے گا کہ مشتری اس شے کو معصیت کا ارتکاب کرنے کے لیے ہی خرید رہا ہے ،کیونکہ چیزوں کی خرید و فروخت کا قصد ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہی کیاجاتا ہے ،تو جس کا بڑا مقصود معاذ اللہ معصیت کو حاصل کرنا ہو تو اس کا خریدنا اس قصد پر واضح دلیل ہے تو ایسے شخص کے ہاتھ اس شے کو بیچنا معصیت پر مدد کرنا ہوگا اور یہی حکم اس صورت میں ہے کہ کوئی شے بعینہٖ معصیت کے لیےتو وضع نہ کی گئی ہو اور نہ ہی اس کا مقصود اعظم معصیت ہو لیکن کوئی ایسا قرینہ قائم ہو جو اس بات پر نص کرنے والا ہو کہ اس مشتری کا اصل مقصود یہ ہے کہ اسے معصیت کے طور پر استعمال کرے۔ (جد الممتار علیٰ رد المحتار، ملتقطا ،جلد 07،صفحہ 76 ، مکتبۃ المدینہ )