عربی گرامر سوال و جواب

صرف و نحو: سوالات و جوابات

عربی گرامر (صرف و نحو) کے سوالات کے جائزہ شدہ جوابات: صیغے، ابواب، تعلیلات، اعراب اور ترکیب۔

کل 11 جوابات شدہ سوالات

یوٹیوب چینل مونیٹائز کرنے کے لئےکسی کو رقم دے کر سبسکرائبرز یا واچ ٹائم بڑھوانے کا کیا حکم ہے؟

ایسا کرنا جائز نہیں کیونکہ یہ جھوٹ اور دھوکہ ہے اور دی جانے والی رقم رشوت ہے اور رشوت لینا دینا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے اور اگر اس کام کے لئے اجارہ کریں، تو وہ بھی شرعی اصولوں کے خلاف اور ناجائز ہے اور اس کی آمدنی بھی حلال نہیں ہوگی،کیونکہ اجارہ درست ہونے کے لئے ایک بنیادی شرط یہ ہے کہ جس کام پر اجارہ کیا جارہا ہو وہ شریعت کی نظر میں منفعت ِمقصودہ ہو، عقل وشعور رکھنے والے لوگ اسے قابلِ اجارہ کام سمجھتے ہوں،جبکہ چینل سبسکرائب کرنا،واچ ٹائم بڑھا دینا یا محض ویڈیوز دیکھنا ایسا قابلِ اجارہ کام نہیں ہے جسے کرنے کے بعد کوئی شخص اجرت کامستحق ٹھہرے ۔

اجارے کے مساٸل1 جواب
30 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شر ع متین اس مسئلے میں کہ کرایہ پر لئے ہوئے کمروں کو آگے زیادہ کرایہ کے بدلے دیا جا سکتا ہےیا نہیں ؟ مثلاً کوئی پانچ کمروں پر مشتمل پورا فلور 1000 ریال کرایہ پر لے اور 2500 ریال کے بدلے آگے کرایہ پر دےدے۔اگر جائز نہیں ہے تو اس کا متبادل طریقہ کیا ہو سکتا ہے؟سائل: فہیم عطاری

پوچھی گئی صورت میں1000 ریال کرایہ کے عوض لیے ہوئے فلور کے کمروں کو آگے 2500 ریال میں کرایہ پر دینا جائز نہیں ہے،کیونکہ قوانین شرعیہ کے مطابق زیادہ کرایہ لینے کی صورت میں اس زیادتی کے مقابل کچھ نہ کچھ ہونا ضروری ہے جب کہ پوچھی گئی صورت میں کسی قسم کی زیادتی نہیں پائی جارہی ،جس کی وجہ سے یہ معاہدہ ناجائز ہے۔ہاں تین صورتیں ہیں جن کو سامنے رکھتے ہوئے کسی اور کو زیادہ کرایہ پر دیا جاسکتا ہے : پہلی صورت: کرایہ پر لی ہوئی چیز میں ایسا اضافہ کردیا جائے جو اس چیز کے ساتھ قائم ہو اور اس چیزکی ویلیو (Value)بڑھا دے۔ مثلاً کمروں ہی کی مثال کہ اس میں رنگ وروغن کروادیا جائے،یا کمروں کے داخلی حصے میں کچھ کام کروادیا جائے،مثلاً ڈور بیل لگوانا ، کیمرہ لگوانا وغیرہ۔ دوسری صورت: جس تیسرے بندے کو آپ کمرے کرایہ پر دیں گے اس سے کرایہ کسی اور جنس میں وصول کریں۔ تیسری صورت:کمروں کے ساتھ کسی اور چیز کو کرایہ پر دیں اور دونوں کا کرایہ ایک ہی مقرر کریں۔مثلاً ہر ہر کمرے میں نارمل کوالٹی کی ٹیبل اور کرسیوں کا اضافہ کردیں اور دونوں کا ایک ہی کرایہ مقرر کریں۔ در مختار میں ہے: ”ولو آجر بأكثر تصدق بالفضل إلا في مسألتين: إذا آجرها بخلاف الجنس أو أصلح فيها شيئا“یعنی اگر مستاجر نے آگے زیادہ کرایہ کے عوض اجارہ پر دیا تو یہ اس حاصل ہونے والی زیادتی کو صدقہ کرے گا،ہاں جب آگے خلاف جنس اجرت لے کر کرایہ پر دیا یا اس میں کچھ اضافہ کردیا تو اب زیادتی لینا حلال ہوگا۔(در مختار،جلد6،صفحہ29،دار الفکر،بیروت) علامہ شامی رحمۃ اللہ علیہ در مختار کی عبارت "أو أصلح فيها شيئا" کے تحت ارشاد فرماتے ہیں : ”بأن جصصها أو فعل فيها مسناة وكذا كل عمل قائم“ یعنی اصلاح کا مطلب یہ ہے کہ عمارت پر پلاستر کروادیا یا مونڈیر بنوادی ۔اسی طرح ہر وہ کام اصلاح میں شامل ہے جو عمارت کے ساتھ قائم ہو۔ (رد المحتار،جلد9،صفحہ29،دار الفکر،بیروت) زیادہ اجرت لینے کے لئے اس کے مقابل کچھ ہونا ضروری ہے۔رد المحتار ہی میں ہے: ”الزيادة بمقابلة ما زاد من عنده “یعنی زیادہ اجرت اس وقت لینا جائز ہےجب اس کے مقابل کچھ ہو ۔(رد المحتار،جلد9،صفحہ48،دار الفکر،بیروت) سیدی اعلیٰ حضرت، اما م اہلسنت مولانا شاہ اما م احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن سے کرایہ پر لی ہوئی زمین کو آگے زیادہ کرایہ کے عوض دینے کے متعلق سوال ہوا تو آپ نے جواباً ارشاد فرمایا: ”زیادہ لینا صرف تین صورت میں جائز ہوسکتاہے ورنہ حرام: 1.زمین میں نہر یا کنواں کھودے یا اور کوئی زیادت ایسی کرے جس سے اس کی حیثیت بڑھائے ۔۔۔ 2.جس شے کے عوض خود اجارہ پرلی ہے اس کے خلاف جنس کے اجارہ کو دے ۔۔۔ 3. زمین کے ساتھ کوئی اور شئی ملاکر مجموعاً زیادہ کرائے پر دے کہ اب یہ سمجھا جائے گا کہ زمین تو وہی روپیہ بیگھ کو دی گئی اور باقی زیادت جس قدر ہو دوسرے شے کے عوض رہے واللہ تعالٰی اعلم۔“ (فتاوی رضویہ ملخصاً ،جلد19،صفحہ489،رضا فانڈیشن،لاہور) اسی طرح بہارِ شریعت میں ہے:”مستاجر(کرایہ دار)نے مکان یا دکان کوکرایہ پر دیدیا اگر اُتنے ہی کرایہ پردیا ہے جتنے میں خود لیا تھا یاکم پر جب تو خیر اور زائد پر دیا ہے تو جوکچھ زیادہ ہے اسے صدقہ کردے ہاں اگرمکان میں اصلاح کی ہو اسے ٹھیک ٹھاک کیا ہو تو زائد کا صدقہ کرنا ضرور نہیں یا کرایہ کی جنس بدل گئی مثلاً:لیا تھا روپے پر،دیا ہو اشرفی پر، اب بھی زیادتی جائز ہے۔ جھاڑودیکرمکان کو صاف کرلینایہ اصلاح نہیں ہے کہ زیادہ والی رقم جائز ہوجائے۔ اصلاح سے مراد یہ ہے کہ کوئی ایسا کام کرے جو عمارت کے ساتھ قائم ہو مثلاًپلاستر کرایا یا مونڈیر بنوائی۔“(بہار شریعت،جلد3،صفحہ124،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ،کراچی) وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

اجارے کے مساٸل1 جواب
30 اکتوبر، 2024

سوال : مفتی صاحب یہ ارشاد فرمادیں کہ اگر کسی شخص نے ایک کام پراجارہ کیا اور وہ کام پھر اس نے کسی اور سے کروایا ،اور اجارہ اس نے خود وصول کیا ، ایساکرنا کیاجاٸزہے اور یہ بھی بتادیں کیا ایسے شخص کو اجارہ دیا جاۓ گا؟

جواب : اگر اجارہ اس شخص پر اس طرح ہوا کہ وہ کام اسے خود اپنے ہاتھ سےکرنا ہے تو اس کے لٸے جاٸز نہیں ہے کہ وہ کسی اورسے کام کرواۓ ، جب اس کے لٸے جاٸز نہیں تو وہ اس صورت میں اجارے کا بھی مستحق نہیں ہوگا، اور اگر ایسی کوٸی شرط نہیں ہے کہ کام اسے خود کرنا ہے بلکہ کام کروانے والے کو صرف اپنے کام سے غرض ہے کہ وہ ہوجاۓ ایسی صورت میں یہ شخص کسی اور سے کام کرواسکتا ہے اور یہ اجارے کا بھی مستحق ہوگا۔ صاحب بہارشریعت مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں : ”جس سے کام کرانا ہے اگر اُس سے یہ شرط کرلی ہے کہ تم کو خود کرنا ہوگا یاکہہ دیا کہ تم اپنے ہاتھ سے کرنا ، اس صورت میں خود اُسی کو کرناضروری ہے ۔ اپنے شاگردیا کسی دوسرے شخص سے کام کرانا،جائز نہیں۔س۔۔اور اگر یہ شرط نہیں ہے کہ وہ خود اپنے ہاتھ سے کام کرے گادوسرے سے بھی کراسکتا ہے ، اپنے شاگرد سے کرائے یا نوکر سے کرائے یا دوسرے سے اُجرت پر کرائے،سب صورتیں جائز ہیں۔‘‘ (بہارِ شریعت،جلد 3،صفحہ، 119، مکتبۃ المدینہ کراچی) واللہ تعالی اعلم بالصواب

اجارے کے مساٸل1 جواب
30 اکتوبر، 2024

سوال : مفتی صاحب ہمارے ادارے میں ایک باورچی کا پورے مہینے کا اجارہ ہوا ، اور پانچ دن کام کرکے چلا گیا، پھر واپس نہیں آیا، ہم نے دوسرا باورچی رکھ لیا، اب یہ پہلا باورچی جو پانچ دن کام کرکے چلا گیا ہے کیا ہمیں اس باورچی کو پانچ دن کی اجرت دینی ہوگی ؟

جواب : پانچ دن کام کرکے جانے والے باورچی سے رابطہ کرکے آپ پر لازم و واجب ہے کہ اسے پانچ دن کی اجرت ادا کریں کیونکہ جتنے دن اس نے کام کیا وہ اتنی اجرت کا مستحق ہوگیا۔

اجارے کے مساٸل1 جواب
30 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علماۓ کرام اس مسٸلے کے بارے میں کہ بعض کمپنیاں اپنے employer کی ایک دن کی چھٹی مثلا: ہفتہ یا پیر کی چھٹی کرنے پر دو دن کی سیلری میں سے کٹوتی کرتے ہیں۔ یعنی ہفتے کی چھٹی کی تو وہ اتوار جس دن چھٹی ہوتی ہے اسکو بھی کٹوتی میںشامل کرتے ہیں۔ کیا کمپنیز کا یاکسی ادارے کایہ عمل شرعاجاٸز ہے؟

جواب : کمپنیز یا اداروں کا یا کسی بھی عام دکان والوں کااپنے اجیروں کے ساتھ اس طرح کرنا شرعا جاٸز نہیں ہے ۔ ایک دن کی چھٹی پر دو دن کی کٹوتی یہ مالی جرمانہ ہے ، اور مالی جرمانہ فقہ حنفی میں منسوخ ہے ۔ امام احمد رضا خان علیہ الرحمة الرضوان نے اپنے فتاوی میں اس کی تصریح فرماٸی ہے کہ منسوخ پر عمل حرام ہے۔ مزید یہ کہ عقد اجارہ میں ایسی شرط لگانا بھی جاٸز نہیں ۔اس سے عقد اجارہ ہی فاسدہوجاتا ہے ۔ اور ایسے عقد کو ختم کرنا عاقدین پر لازم ہے۔ لہذا اگر کسی نے اس طرح کا اجارہ کیا اور اس میں یہ شرط لگاٸی ہے تویہ عقد ختم کرے اور نٸے سرے سے ان شراٸط فاسدہ کو ختم کرکے دوبارہ عقد کرے۔ واللہ تعالی اعلم بالصواب۔

اجارے کے مساٸل1 جواب
30 اکتوبر، 2024

سوال : کیا فرماتے ہیں علماۓ کرام اس مسٸلے کے بارے میں کہ میرا کام مشین ریپٸرنگ کا ہے، میرے پاس ایک خاتون آٸی اپنی استری (iron) لے کر، میں نے اسے چیک کیا، اپنے اوزار سے اسے کھولا ، اور جو مسٸلہ آرہا تھا وہ ٹھیک کردیا، لیکن میں نے اس میں کوٸی چیز ڈالی نہیں اور نہ ہی کسی چیز کا اضافہ کیا ، لیکن میں نے اس استری کو ٹھیک کرنے کہ اس سے 500 روپے لٸے ، کیا میرا ایسا کرنا شرعا جاٸز ہے ؟

جواب : آپ کا یہ عمل قابل معاوضہ ہے ، آپ نے یہ کام کردیا، استری ٹھیک ہوگٸی، آپ کا استری کھولنا، وقت دینا، پھر اسے چیک کرنا ، فولٹ کو پکڑنا، اسے ٹھیک کرنا یہ سب کام قابل اجارہ ہونے سے تعلق رکھتے ہیں۔ لہذا آپ کا ان سے 500 روپے اجرت لینا بالکل جاٸز ہے ۔ اس میں کوٸی شرعی قباحت نہیں ہوگی۔ البتہ اس میں اتنا ضرور خیال کریں کہ اس معاملے میں ہرگز جھوٹ کا سہارا نہ لیں۔ اور جو فولٹ ہو، وہی بیان کریں۔ واللہ تعالی اعلم بالصواب

اجارے کے مساٸل1 جواب
30 اکتوبر، 2024

سوال : کیا فرماتے ہیں علماۓ کرام اس مسٸلے کے بارے میں کہ ہم کپڑوں پر امبراٸیڈری کروانے گٸے ، تو دکاندار نے اس کے مختلف ریٹ بتاۓ ، اور اس نے یہ بھی بتایا کہ اگر ہم Embroidery کی اجرت ایڈوانس میں دے دیتے ہیں تو ہمیں ڈسکاونٹ ملے گا۔ ہم نے ڈسکاونٹ والی صورت کو اختیار کیا اور ایڈوانس پیمنٹ کردی، پھر خیال آیا کہ پتا نہیں ایسا کرنا شرعی اعتبار سے درست ہے بھی یا نہیں۔ اس بارے میں ہماری رہنماٸی فرمادیجٸے؟

جواب : کپڑوں پر Embroidery کے عوض میں دی جانے والی رقم کا تعلق اجارے سے ہے، اور اجارے میں کام سے پہلے یا بعد اجرت کا ادا کرنے کے حوالے سے جو آپس میں طےہوجاۓ اس پر عمل کرنا جاٸز ہے (یعنی اجارے میں اجرت پہلے دینا طے پایا تو پہلے دینا اور کام کے بعد اجرت دینا طے پایا تو بعد میں دینا دونوں صورتیں جاٸز ہیں) نیز معاہدے کے وقت میں جو اجرت طے ہوگٸی وہ فاٸنل اجرت ہے۔ لہذا آپ کا ایڈوانس میں رقم ادا کرنا اور اس پر دکاندار کی طرف سے ڈسکاونٹ ملنا دونوں جاٸز ہے ۔ واللہ تعالی اعلم بالصواب

اجارے کے مساٸل1 جواب
30 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ رات کو کاربار یا نوکری نہیں کرسکتے ہیں؟ جن کا کام ہی نائٹ شفٹ کا ہو یا وہ کام جو رات میں ہی ہوتے ہیں یا آفس میں دیر تک کام کرنا، ان میں رات کو کام کرنے والے افراد کا کام کرنا کیسا؟ کیا رات میں کام کرنا گناہ ہے؟

اللہ پاک نے رات کو نیند کے لئے اور دن کو کام و طلبِ معاش کے لئے بنایا جیسا کہ قرآن پاک کی کئی آیات کا مفاد ہےاور یہی معتاد بھی ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ دن میں سونا یا رات میں نوکری و ڈیوٹی کرنا، ناجائز و گناہ ہے، بلکہ رات میں کام اور دن میں آرام کرنا بھی بلا شبہ جائز ہے، دن میں آرام جیسے قیلولہ کرنا اور راتوں میں کام کرنا جیسے دوکانوں، بازاروں اور مکان کی حفاظت کے لئے رات میں چوکیداری کرنا اسی طرح کئی ایسے کام ہوتے ہیں جو دن میں پورے نہیں ہوپاتے بالخصوص جب دن چھوٹے ہوں اور راتیں طویل ہوں، تو دن میں پورے نہ ہونے والے کام رات میں کئے جاتے ہیں، فی زمانہ بھی کئی ایسے کام ہیں جو دن و رات بلاو قفہ جاری رہتے ہیں ان کو جاری رکھنے کے لئے ملازمین کی ضرورت رہتی ہے تاکہ کام نہ رکے، لہٰذا جو دن کے بجائے رات میں کام کریں، ان کو گناہ گار کہنا جائز نہیں۔ ہاں اگر کوئی کام ہی ناجائز ہو، تو وہ دن میں کیا جائے یا رات میں وہ بہر صورت ناجائز ہی رہے گا۔

اجارے کے مساٸل1 جواب
28 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلےکے بارے میں کہ میں اپنے بینک اکاؤنٹ کی ایپلیکیشن سے لوگوں کے آن لائن پانی، بجلی، گیس وغیرہ کے بل ادا کرتا ہوں،اوران کےپیسے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کرتاہوں۔اس کام کے عوض ہزار روپے پر 20 روپے سروس چارجز کے طور پر لیتا ہوں۔کیا یہ کام جائز ہے؟

گیس بجلی وغیرہ کے بلز جمع کرنے،اورپیسے ٹرانسفر کرنےکےعوض طےشدہ سروس چارجز،مثلا: ایک ہزا ر کی ٹرانزیکشن پر 20 روپے لینا جائز ہے،کیونکہ ایسی منفعت مقصودہ پر اجرت لینا جائز ہوتاہے جس کا حصول اجرت کے ذریعےلوگوں میں رائج ہو،اور بلز جمع کرنا،پیسے ٹرانسفر کرنا، منفعت مقصودہ ہے اور اس کام کے عوض اجر ت کا لین دین لوگوں میں رائج بھی ہے، جیساکہ اکابر علمائے اہلسنت نےمنی آرڈر کے ذریعے پیسے بھیجنے پراجرت کے لین دین کوجائز قرار دیا ہے۔ فتاوی ہندیہ اجارے کی شرائط میں ہے کہ:”منها أن تكون المنفعة مقصودة معتادا استيفاؤها بعقد الإجارة “ترجمہ:ان میں سے ایک شرط یہ ہے کہ جس کام پر اجارہ ہے وہ منفعت مقصودہ ہو ،اور اسے عادتاً عقد اجارہ کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہو۔(فتاوی ھندیہ ،جلد04،صفحہ411،مطبوعہ بیروت) سیدی اعلی حضرت علیہ الرحمۃ نے فتاوی رضویہ میں منی آرڈر کےذریعے پیسے بھیجنے پر اجرت کے لین دین کے متعلق سوال کے جواب میں ارشادفرمایا:”وہ مثل سائر کا روائیہائے ڈاکخانہ کے یقیناً اجرت میں دینے والے اجرت ہی سمجھ کردیتے، لینے والے اجرت ہی جان کرلیتے ہیں ہر گز کسی کے خواب میں بھی یہ خیال نہیں ہوتا کہ یہ ۲/سود کے ہیں، جو الٹا مدیون دائن سے لیتا ہے ڈاکخانے کی اصل وضع ہی اس قسم کی اجارات کے لیے ہے، تویہاں عقد اجارہ کا تحقق اور ان داموں کا اُجرت ہونا اصلاً محل تردد نہیں، اگر کہئے کا ہے کی اجرت، ہاں مرسل الیہ کے گھر تک جانے اور اسے روپیہ دینے اور وہاں سے واپس آنے اور اس سے رسید لانے کی ،کیا یہ منفعت مقصودہ مباحہ نہیں جس پر شرعاً ایراد وعقد اجارہ کی اجاز ت ہو، او ر جب ہے ،بیشک ہے ،تو عجب عجب ہزار عجب کہ عاقدین ایک منفعت مقصودہ جائزہ پر قصد اجارہ کریں عوض منفعت جو کچھ دیں اور اسے اجرت ہی کہیں اجرت ہی سمجھیں او رخواہی نخواہی ان کے قصد جائز کو باطل کرکے اس اجرت کو معاوضہ قرض وربا قرار دیں۔‘‘ (فتاوی رضویہ،جلد19،صفحہ566،رضافاونڈیشن،لاھور)

اجارے کے مساٸل1 جواب
28 اکتوبر، 2024

کال سینٹر کی جاب کرنا جائز ہے ؟

فی نفسہ(اپنی ذات کی حدتک) کسی کال سینٹر پر کسی ادارے کی تشہیر یا اس کی معلومات فراہم کرنے کے لیے جاب کرنے میں حرج نہیں، جبکہ جائز کام کی تشہیر ہو اور اس میں کوئی ناجائز و خلافِ شرع کام نہ کرنا پڑے۔ چنانچہ جائز کام کی اجرت کے متعلق فتاوی رضویہ میں ہے”بہرحال نفسِ اجرت کہ کسی فعلِ حرام کے مقابل نہ ہو ، حرام نہیں ، یہی معنی ہیں اس قولِ حنفیہ کے کہ:"یطیب الاجر وان کان السبب حراما کما فی الاشباہ وغیرھا" یعنی اجرت طیب ہوگی، اگرچہ سبب حرام ہے ، جیسا کہ الاشباہ وغیرہ میں ہے۔( فتاوی رضویہ، ج 19، ص 501، رضا فاؤنڈیشن، لاھور) لیکن اگر ناجائز کام کی تشہیر کرنی ہو یا ناجائز کام کے بارے میں رہنمائی و ذہن سازی کرنی ہو یا جھوٹ بولنا پڑے یا اس میں دھوکہ شامل ہو یا اس جیسا کوئی اور ناجائز کام کرنا پڑے، تو کال سینٹر پر ایسی جاب کرنا، ناجائز و حرام ہے۔ گناہ کے کام پر مدد کرنا گناہ ہے،اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے﴿وَ لَا تَعَاوَنُوۡا عَلَی الۡاِثْمِ وَالْعُدْوَانِ﴾ ترجمہ کنز الایمان: اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ دو ۔ (پارہ 6،سورۃ المائدۃ،آیت 02) اس آیت مبارکہ کے تحت احکام القرآن للجصاص میں ہے ” نھی عن معاونۃ غیرنا علیٰ معاصی اللہ تعالی“ ترجمہ:اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ کی نافرمانیوں پر کسی کی مدد کرنے سے منع کیا گیا ہے۔(احکام القرآن ،ج 02،ص 381، دار الکتب العلمیۃ،بیروت) محیط برہانی میں ہے"الاعانۃ علی المعاصی و الفجور و الحث علیھا من جملۃ الکبائر"ترجمہ: گناہوں اور فسق و فجور کے کاموں پر مدد کرنا اور ان پر ابھارنا کبیرہ گناہوں میں سے ہے۔(المحیط البرھانی ،ج 08،ص 312،دار الكتب العلميۃ،بيروت) ناجائز کام پر اجارہ بھی ناجائز ہے،چنانچہ مبسوط سرخسی میں ہے"و لا تجوز الاجارۃ علی شيء من الغناء و النوح و المزامیر و الطبل و شیئ من اللھو لأنہ معصیۃ و الاستئجار علی المعاصی باطل ،فان بعقد الاجارۃ یستحق تسلیم المعقود علیہ شرعاً و لا یجوز أن یستحق على المرء فعل به يكون عاصيا شرعا "ترجمہ: اور گانے باجے، نوحہ،مزامیر،طبل بجانے اور کسی بھی قسم کے لہو ولعب کے کام پر اجارہ جائز نہیں، کیونکہ یہ گناہ ہے اور گناہوں پر اجارہ کرنا باطل ہے ،کیونکہ عقد اجارہ کے سبب معقود علیہ (جس چیز پر اجارہ کیاگیا ہے )کو سپردکرنے کا شرعاً استحقاق ثابت ہوجاتا ہے اور یہ جائز نہیں کہ کسی شخص پر ایسے فعل کا استحقاق ثابت ہو جس سے وہ شرعاً گنہگار ہوجائے۔(المبسوط للسرخسی،کتاب الاجارات،ج 16،ص 38،دار العرفۃ،بیروت)

اجارے کے مساٸل1 جواب
28 اکتوبر، 2024

سوال : مفتی صاحب ہمارے یہاں ایک مدرسے کے قاری صاحب ہیں، محلے کے رہنے والے جب ان کے پاس قرآن خوانی کے لٸے کہنے جاتے ہیں کہ ہمیں گھر میں قرآن خوانی کروانی ہے تو وہ یہ کہتے ہیں کہ بچوں کو کیا ملے گا اور یہاں کتنے دینگے ، ہمیں ان کی یہ بات سمجھ نہیں آتی ، کیا ان کا ایسا کرنا ٹھیک ہے، اسلام میں اس کا کیاحکم ہے؟

جواب : یہ انداز وضح طور ہر بتارہا ہے ہے کہ موصوف تلاوت قرآن کی اجرت طے کررہے ہیں اور تلاوت قرآن پر اجرت لینے کو ہمارے فقہاء نے ناجاٸزوحرام قرار دیا ہے ۔ لہذا موصوف کواپنے اس عمل سے توبہ کرنی چاہیٸے اور آٸندہ اپنے اس عمل سے باز رہنا چاہیٸے۔ واللہ تعالی اعلم بالصواب۔

اجارے کے مساٸل1 جواب
25 اکتوبر، 2024