عربی گرامر سوال و جواب

صرف و نحو: سوالات و جوابات

عربی گرامر (صرف و نحو) کے سوالات کے جائزہ شدہ جوابات: صیغے، ابواب، تعلیلات، اعراب اور ترکیب۔

کل 18 جوابات شدہ سوالات

سوال : مفتی صاحب کیا بغیر ٹکٹ کا ٹرین کا سفر کرنا جاٸز ہے؟

جواب : بغیر ٹکٹ کا ٹرین کا سفر کرنا جاٸز نہیں ہےبلکہ کوٸی بھی ایسا سفر یا ایسا کام جس کے لٸے ٹکٹ ضروری ہو، اسے بغیر ٹکٹ کرنا جاٸز نہیں ہے کیونکہ اس میں ان کی حق تلفی بھی ہے اور بہت سی صورتوں میں وہ عمل قانونا جرم بھی ہوگا، اس سے اپنے آ پ ذلت پر پیش کرنا بھی ہے ۔ فتاوی مصطفویہ میں ہے : بلاٹکٹ سفرکرنا، اپنے آپ کو اہانت کے لٸے پیش کرنا ہے، اپنی عزت کو خطرے میں ڈالنا ہے کہ خلاف قانون ہے، مستوجب سزا ہوگا،لہذا ایسی حرکت سے احتراز لازم جو موجب ذلت و رسواٸی ہو۔

حرام و حلال1 جواب
1 نومبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیانِ عظام مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ قرآن کی آیات مبارکہ بلیک بورڈ پر لکھ کر مٹا سکتے ہیں شریعت کا کیا حکم ہے ؟رہنمائی فرمائیں۔

ضرورت و حاجت کے پیش نظر بلیک بورڈ یا وائٹ بورڈ پر قرآن کی آیات مبارکہ یا احادیث مبارکہ لکھ سکتے ہیں اور جب بچے اسے پڑھ لیں، محفوظ کر لیں، یاد کر لیں(ضرورت پوری ہوجائے) تو اسے مٹایا جاسکتا ہے فقہائے کرام نے اس کی اجازت دی ہے ۔ہاں جو بلیک بورڈ پر چاک سے لکھا جاتاہے اس چاک کے ذرات کو زمین پر نہ گرایا جائے۔اس حوالے سے جو پوسٹ سوشل میڈیا پر مشہور ہے کہ ” قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ لوگ قرآنی آیات کو مٹائیں گے “ایسا ثابت نہیں ہے۔ فتاویٰ عالمگیری میں ہے : ”ولو محا لوحاً کتب فیہ القرآن و استعملہ فی امر الدنیا یجوز“ ترجمہ اور اگر اس نے تختی کو مٹا دیا جس کے اندر قرآن پاک لکھا گیا تھا اور اس نے اس (تختی) کو دنیا کے کسی کام میں استعمال کیا تو جائز ہے۔(فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 398 قدیمی کتب خانہ کراچی)

حرام و حلال1 جواب
28 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہئیر ٹرانسپلانٹ کے ذریعہ بال لگوانے کا کیا حکم ہے ؟

مذکورہ طریقہ سے بال لگوانا شرعا ناجائز ہے کیونکہ ہماری معلومات کے مطابق اس طریقہ کار میں انسانی بال ہی ایک جگہ سے اتار کر دوسری جگہ لگائے جاتے ہیں جبکہ انسانی بال لگانا یا لگوانا ناجائزو حرام ہے کہ یہ جھوٹ ،دھوکہ ،تغییر خلق اللہ اور انسانی بالوں سے نفع اٹھا نا ہے جبکہ یہ تمام امور ناجائز وحرام ہیں۔

حرام و حلال1 جواب
28 اکتوبر، 2024

سوال : مفتی صاحب حکومت کی جانب،سے مال درآمد کرنے والے کوایک لاٸسنس ایشو کیاجاتا ہے اسی طرح روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ بھی ہوتا ہے ، بعض لوگ اسے آگے فروخت کردیتے ہیں ، کیا ایساکرنا جاٸز ہے؟

اگر یہ لاٸسنس یا پرمٹ کسی خاص شخص کے نام پر ایشو ہوتا ہے اور قابل منتقلی نہیں ہے ، پھر تو اس کی خریدوفروخت جاٸز نہیں ہے۔ اور اگر ایسانہیں ہے یعنی وہ لاٸسنس ہا پرمٹ کسی خاص شخص کے نام کا نہیں ہے بلکہ جس کے پاس وہ لاٸسنس یا پرمٹ ہو اسے اجازت مل جاتی ہے کہ مال درآمد کرے یا ٹرانسپورٹ متعلقہ روٹ پر چلاۓ تو پھر اس کی بیع جاٸز ہوگی ۔ (تفہیم المساٸل ، جلد 01، صفحہ 333 )

حرام و حلال1 جواب
25 اکتوبر، 2024

اگر کسی جگہ پر غیر قانونی سوئی گیس حاصل کر کے استعمال کی جاتی ہے، تو اس گیس سے بننے والا کھانا کھانا کیسا ہے؟

غیر قانونی طور پہ گیس حاصل کرنا دھوکے اور قانونی جرم ہونے کی وجہ سے ناجائز و حرام اور گناہ ہے، پھر قانونی جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے پکڑے جانے کی صورت میں اپنے آپ کو ذلت پہ پیش کرنا، جھوٹ بولنا یا رشوت دینا پایا جائے گا اور شریعت مطہرہ ان کاموں کی بھی اجازت نہیں دیتی۔ لہذا اگر کسی نے غیر قانونی طور پہ گیس حاصل کی، اس پر توبہ کرنا لازم ہے، نیز جتنی گیس استعمال کی، اس کا حساب کر کے اس کی رقم محکمے کو پہنچائے۔ البتہ ایسی گیس کے ذریعے کسی نے کھانا بنایا، تو فقط اس وجہ سے وہ کھانا حرام نہیں کہلائے گا، لہذا ممانعت کی کوئی اور وجہ موجود نہ ہونے کی صورت میں اسے کھانا شرعاً جائز ہے۔

حرام و حلال1 جواب
24 اکتوبر، 2024

ٹیسٹ ٹیوب بے بی کے ذریعے بیوی کے رحم میں مردکا نطفہ رکھا جاتا ہے، توکیا یہ جائزہے؟ مسئلہ یہ ہے کہ شوہر کو کوئی بیماری ہے، ڈاکٹر نے کہا ہے کہ عمومی طریقے سے ،ہمبستری کرکے بچہ پیدا نہیں کرنا ،مرد کا مادہ منویہ نکال کر اسے جراثیم سے پاک کرکے،اس کی بیوی کے رحم میں داخل کیا جائے ،تو مسئلہ نہیں بنے گا ،پوچھنایہ ہے کہ کیا یہ جائز ہے؟

ٹیسٹ ٹیوب بی بی کے ذریعہ اولادحاصل کرنے کی صرف ایک ہی صورت جائزہے ،اس کے علاوہ جتنے بھی معروف طریقے ہیں،سب ناجائزوحرام ہیں۔ جائزطریقہ : عورت کے رحم میں اسی کے شوہرکانطفہ بذریعہ ٹیوب پہنچایاجائےاوریہ کام اسی کا شوہرکرے یاوہ عورت خودکرے ۔ ناجائزطریقے: اس کے علاوہ ٹیسٹ ٹیوب بے بی ،کی دیگرمعروف صورتیں مثلاًشوہرکے نطفے کوخود بیوی یاشوہرکے علاوہ کوئی اور رحم میں رکھےیااس کے شوہر کے علاوہ کسی غیرکے نطفے کواس کے رحم میں رکھے،خواہ رکھنے والاشوہریاخودبیوی ہی ہو،یہ تمام صورتیں حرام ہیں کیونکہ ان صورتوں میں بلاضرورت شرعیہ غیرکے سامنے سترکھولنایاپھرغیرکانطفہ ،جوکہ اس عورت کیلئے حرام ہے، اس کوعورت کے رحم میں رکھنا،پایاجارہاہے،جوکہ ناجائزوحرام ہے ۔ وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

حرام و حلال1 جواب
24 اکتوبر، 2024

بلیک فرائیڈے منانا اور اس میں لگنے والی سیل سے خریداری کرنا کیسا ہے؟

بلیک فرائیڈے منانا (یعنی اس میں تاجروں کا اشیاء سستی کرنا )اور اس میں اشیاء کی خریداری کرنا جائز ہے۔البتہ جمعہ جیسے بابرکت دن کو "بلیک "کہنا مناسب نہیں۔اگرچہ اس کی توجیہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ کاروباری لوگ سرخ سیاہی سے نقصان اور سیاہ سیاہی سے نفع لکھتے تھے، تو جس دن یہ تہوار مناکر نفع کمایا جاتا اس کو بلیک ڈے کے نام سے تعبیر کیا گیا۔لیکن ہمارے معاشرے میں بلیک ڈے یا یوم سیاہ سوگ منانے کےلئے بولا جاتا ہے ، لہذا ظاہری اعتبار سے یہ لفظ جمعۃ المبارک کے شایان شان نہیں ۔ اس کے بجائے کوئی اور مناسب لفظ مثلاً وائٹ فرائیڈے،برائٹ فرائیڈے یا گولڈن فرائیڈے وغیرہ کہاجائے۔

حرام و حلال1 جواب
24 اکتوبر، 2024

کیا کوا کھانا جائز ہے؟

وہ کوا جو ہمارے علاقوں میں عام پایا جاتا ہے،سیاہ وسفیدرنگ کاہوتاہے اور مردار کھاتا ہے ، اس کا کھانا جائز نہیں ہےکہ حدیث وکتب فقہ میں اسے خبیث کہاگیاہےاورخبیث چیزوں کی حرمت قرآن پاک سے ثابت ہے ۔سنن ابن ماجہ میں حضرت عبداللہ ابن عمررضی اللہ تعالی کافرمان ہے:"کواکون کھائے گاجبکہ اسے اللہ تعالی کے رسول صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فاسق قراردیاہے ،اللہ عزوجل کی قسم وہ پاکیزہ چیزوں میں سے نہیں ہے ۔" (سنن ابن ماجہ،ج02،ص1082،بیروت)

حرام و حلال1 جواب
24 اکتوبر، 2024

سوال : مفتی صاحب آج کل الٹراساونڈ جو ہوتا ہے ، اس میں حمل والی کے حمل میں بچہ ہے یا بچی ، یہ جاننے کے لئے الٹرا ساونڈ کرایا جائے تو کیا ایسا کرنا جائز ہے ؟

جواب :حاملہ کے پیٹ میں بچہ ہے یا بچی یہ جاننے کے لئے الٹراساونڈ کروانا جائز نہیں ہے ، الٹرا ساونٰڈ کے لئے ستر عورت کا ثاہر کرنا ، اسے دیکھنا اور چھونا یہ سارے امور بھی ہوتے ہیں ، اور یہا ں کوئی وجہ شرعی نہیں کہ اس کی اجازت دی جائے اگر چہ الٹرا ساونڈ کرنے والی کوئی لیڈی ڈاکٹر ہی کیوں نہ ہو، البتہ جب الٹرا ساونڈ کسی طبی ضرورت کی وجہ سے ہو ، ماہر ڈاکٹر کے مشورے سے ہو تو اس کی رعایت ہے لیکن اس میں بھی اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ عورت کسی لیذی ڈاکٹر سے ہی اپنا الٹرا ساونڈ کروائے نیز جتنی ضرورت ہو اتنا ہی ستر عورت ظاہر ہو، اور ساتھ ہی اس بارے میں ڈاکٹر سے خود نہ پوچھا جائے کہ حمل کی جنس کیا ہے ۔ یہ مناسب نہیں ہے ۔واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

حرام و حلال1 جواب
24 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہمارے یہاں غیر مسلم رہتے ہیں ہم لوگوں کے آپس میں بہت اچھے تعلقات ہیں جب ان کے یا ہمارے یہاں شادی ہوتی ہے ہم لوگ آپس میں بھی ایک دوسرے کی دعوت کرتے ہیں تو ایسی صورت میں غیر مسلم کے یہاں دعوت کھانا کیسا؟

کھانا کھانے کا تو بعد میں پوچھنا چاہیے اولا یہ پوچھیں کہ کیا ان کے ساتھ تعلقات دوستانہ رکھ سکتےہیں یا نہیں؟ کفار اور غیر مسلموں سے دوستی کے متعلق اللہ کریم نےارشاد فرمایا:(اِنَّمَا یَنْهٰىكُمُ اللّٰهُ عَنِ الَّذِیْنَ قٰتَلُوْكُمْ فِی الدِّیْنِ وَ اَخْرَجُوْكُمْ مِّنْ دِیَارِكُمْ وَ ظٰهَرُوْا عَلٰۤى اِخْرَاجِكُمْ اَنْ تَوَلَّوْهُمْۚ-وَ مَنْ یَّتَوَلَّهُمْ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الظّٰلِمُوْنَ) ترجمہ کنزالایمان: اللہ تمہیں انہی سے منع کرتا ہے جو تم سے دین میں لڑے یا تمہیں تمہارے گھروں سے نکالا یا تمہارے نکالنے پر مدد کی کہ ان سے دوستی کرو اور جو ان سے دوستی کرے تو وہی ستمگار ہیں ۔(پارہ 28،سورۃ المتحنہ ،آیت:9) اس آیت مبارکہ میں کفارکے ساتھ دوستی سے منع کیا گیا،یہاں ان سے دوستی سے متعلق اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کے کلام کا خلاصہ ملاحظہ ہو، مُوالات (یعنی کفار کے ساتھ دوستی) کی دو قسمیں ہیں : (1)…حقیقی موالات:اس کی ادنیٰ صورت قلبی میلان ہے،یہ تمام صورتوں میں ہر کافر سے مُطْلَقاً ہر حال میں حرام ہے البتہ طبعی میلان جیسے ماں باپ،اولادیا خوبصورت بیوی کی طرف غیر اختیاری طور پر ہوتا ہے یہ اس حکم میں داخل نہیں پھر بھی اس تَصَوُّر سے کہ یہ اللّٰہ و رسول کے دشمن ہیں اور ان سے دوستی حرام ہے،اپنی طاقت کے مطابق اس میلان کو دبانا یہاں تک کہ بن پڑے تو فنا کر دینا لازم ہے ،اس میلان کا آنا بے اختیار تھا اور اسے زائل کرنا قدرت میں ہے تو اسے رکھنا دوستی کو اختیار کرنا ہوا اور یہ حرامِ قطعی ہے اسی لئے جس غیر اختیاری چیز کے ابتدائی اُمور کسی شخص نے اپنے اختیار سے پیدا کئے تو اس میں اس کا کوئی عذر قابلِ قبول نہ ہو گا جیسے شراب سے عقل زائل ہو جانا اختیار میں نہیں لیکن جب اختیار سے پی تو عقل کا زوال اور اس پر جو کچھ مُرَتَّب ہواسب اسی کے اختیار سے ہو گا۔ (2)… صورۃً موالات:اس کی صورت یہ ہے کہ بندے کا دل کافر کی طرف اصلاً مائل نہ ہو لیکن اس سے برتاؤ ایسا کرے جو بظاہر محبت و میلان کا پتا دیتا ہو۔یہ ضرورت اور مجبوری کی حالت میں صرف ضرورت و مجبوری کی مقدار مُطْلَقاً جائز ہے اور بقدرِ ضرورت یہ کہ مثلاً صرف عدوات کااظہار نہ کرنے سے کام نکلتا ہو تو اسی قدر پر اِکتفاء کرے اور اظہارِ محبت کی ضرورت ہو تو حتّی الامکان پہلودار بات کہے، صراحت کے ساتھ اظہار کرنے کی اجازت نہیں ، اور اگر اس کے بغیر نجات نہ ملے اور دل ایمان پر مطمئن ہو تو صراحت کے ساتھ اظہار کی رخصت ہے اور اب بھی عزیمت یہی ہے کہ ایسا نہ کرے۔(فتاوی رضویہ، رسالہ: المحجۃ المؤتمنۃ فی اٰیۃ الممتحنۃ، جلد 14،صفحہ 465تا467،رضا فاؤنڈیشن لاہور) اس تفصیل سے معلوم ہواکہ کفار کی کھانے کی دعوت اور ان کے شادی بیاہ میں شرکت کرنے سے ان کی طرف قلبی میلان ہو گا ،لہذا ایسی دوستی رکھنا جائز نہیں اور ان کے ہاں شادی میں شرکت کرنا بھی جائز نہیں۔ واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم

حرام و حلال1 جواب
22 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ گیمز کھیلنا گناہ ہے اور آج کل ایک اور سسٹم انٹرنیٹ پر چل رہا ہے کہتے ہیں یہ گیم کھیلو تو پیسے ملیں گے شریعت دین اسلام سے اس کی وضاحت فرما دیں؟

موبائل وغیرہ پر ویڈیوگیم عام طور پر جس طرح کھیلنا مروج ہے ، ناجائز ہے کہ میوزک و بدنگاہی وغیرہ اس کے عموماً لازمی جزو ہیں اور یہ دونوں ناجائز و گناہ ہیں۔ اگر ویڈیوگیم ان گناہوں پر مشتمل نہ ہو ، تو بھی چونکہ عموماً بطورِ لہو و لعب کھیلی جاتی ہے ، اس لئے ممنوع ہے کہ کسی عبث میں وقت ضائع کرناممنوع ہے، اگرچہ اس پر جوا لگایا ہو یا نہ لگایا ہو۔ اور اگر جوا لگایا گیا ہو، تو اس کا حکم اور زیادہ سخت ہے۔ اور آن لائن گیمز جو کہ لہو ولعب کےطورپر کھیلی جاتی ہیں، اس طرح کھیل پرپیسےکمانا بھی درست نہیں ہے۔ واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم

حرام و حلال1 جواب
22 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ بعض اوقات بچوں کی نظموں اور نرسری رائمز میں موسیقی ہوتاہے، اس پر کیا شرعی حکم ہے؟

بچوں کو میوزک وغیرہ والی نظمیں لگا کر دینا جائز نہیں،جس بالغ شخص نے بچوں کو اس طرح کی نظمیں لگا کر دیں،اس کا گناہ انہی پر ہے۔ واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم

حرام و حلال1 جواب
22 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیانِ شرع اس مسئلہ کے بارے میں کہ مقدس اوراق میں ضعیف قرآن کریم اور احادیث مقدسہ اور دیگر مقدس اوراق اور کتب کو ایک مشین کے ذریعے کاٹ کر ریزہ ریزہ کر کے گودہ بناتے ہیں اور پھر کاغذ یا گتّا بنا کر بیچتے ہیں۔آپ رہنمائی فرما ئیں کہ ایسا کرنا کیسا ہے؟کیا گتّا و چپل کے ڈبے ، گارمنٹس کے ڈبے وغیرہ میں استعمال ہوسکتا ہے، رہنمائی فرما ئیں ۔

(۱) قرآن مقدس کے اوراق کو پارہ پارہ کرنا جائز نہیں اور نہ ہی انھیں جلانا جائز ، اوراق تھوڑے ہوں تو تعویذ بنا کر بچوں میں تقسیم کر دیا جائے ، زیادہ ہوں تو پاک جگہ پر مسلم میت کی طرح دفن کیا جائے۔ اتقان میں ہے : (فرع) اذا احتيج الى تعطيل بعض اوراق المصحف البلاء ونحوه فلا يجوز تمزيقها لما فيه من تقطيع الحروف وتفرقة الكلم، وفي ذلك ازراء بالمكتوب، كذا قاله الحليمي. (الاتقان في علوم القرآن، ج:۲، ص: ۲۲۱ ، فصل فی آداب كتابته) واللہ تعالیٰ اعلم (۲) مصحف شریف کے سوا دوسرے اور اق و کتب کا حکم کچھ ہلکا ہے، چنانچہ فتاویٰ رضویہ میں ہے : قواعد بغدادی و ابجد اور سب کتب غیر منتفع بہا ماوراے مصحف کریم کو جلا دینا بعد محو اسماے باری عزاسمہ اور اسماے رسل و ملائکہ صلی اللہ تعالیٰ علیہم وسلم اجمعین کے جائز ہے كما في الدر المختار: الكتب التي لا ينتفع بها محى عنها اسم الله وملئكته ورسله ويحرق الباقى. (فتاوی رضویہ، ج: ۹، ص: ۲۹، کتاب الخطر والا باحتر، رضا اکیڈمی) جن اوراق اور مضامین کا حاجت کی وجہ سے احراق جائز ہے ان اوراق و مضامین کی بوجہ حاجت مشین کے ذریعے تمزیق بھی جائز ہونی چاہیے کہ احراق اور تمزیق دونوں کا حکم ایک ہے بس یہ لحاظ رہے کہ اللہ عز وجل، انبیاے کرام ومرسلین عظام اور فرشتوں کے اسما الگ کر لیے گئے ہوں، جنھیں تعویذ بنا سکتے ہیں، یا مصحف شریف کے ساتھ دفن کر سکتے ہیں ۔ ہمیں كتب علما کے ذریعے جو معلومات فراہم ہو سکیں وہ یہی ہیں ۔ واللہ تعالی اعلم

حرام و حلال1 جواب
21 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علماے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ میں کہ جس نے نماز کے وقت کما یا تو نماز کے وقت کمانا حرام ہو گا یا نہیں ہوگا ، اس بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے ؟شریعت میں ہے یا نہیں کہ نماز کے وقت کمائے گا وہ حرام ہوگا یا نہیں ہو گا؟

نماز کے وقت میں نماز چھوڑ دینا، جماعت چھوڑ دینا یہ حرام و ناجائز و گناہ ہے اور نماز سے ، جماعت سے غافل ہو کر م اس سے دور ہو کر، تجارت میں مشغول رہنا نا جائز ہے، یعنی یہ فعل اور یہ کام نا جائز ہے لیکن مال پاک ہے جب کہ وہ بجاے خود پاک ہو تو رزق ناپاک نہیں ہے وہ حلال ہے اور طیب ہے ،وہ جائز ہے ،اور جو کام کیا نماز کے وقت میں ، نماز چھوڑ دی ، یہاں تک کہ وہ وقت چلا گیا یا جماعت چھوڑ دی یہاں تک کہ جماعت چھوٹ گئی یہ حرام اور گناہ ہے ،اس سے تو بہ کرنا اور آئندہ احتراز ضروری ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم

حرام و حلال1 جواب
21 اکتوبر، 2024

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ کسی دوسرے شخص کا خط یا میسیج بغیر اس کی اجازت کے پڑھنا کیسا ؟

کسی دوسرے شخص کا خط یا میسیج بغیر اس کی اجازت کے پڑھنا جائز نہیں ہے ، یہ فعل عقل و شرع دونوں کے خلاف ہے ؛ اگر کسی نے ایسا کیا تو وہ گنہگارہے ؛ اسے چاہیئے کہ فوراً بارگاہ ِ الہی میں توبہ کرے اور صاحب حق سے معافی بھی مانگے کیونکہ حدیث پاک میں ایسے شخص کے بارے میں فرمایا گیا کہ وہ جہنم کی آگ میں دیکھتا ہے اور عقلاً بھی یہ فعل ناپسندیدہ ہی ہے اس لئے کہ کوئی بھی شخص اس بات کو اچھا نہیں سمجھتا کہ اس کی ذاتی باتیں کسی دوسر ے شخص کے سامنے ظاہر ہو خواہ وہ اس کا کتنا ہی قریبی دوست یا عزیز ہی کیوں نہ ہو نیز بسا اوقات ایسا کرنا سخت لڑائی جھگڑے کا سبب بھی بن سکتا ہے لہذ ا اس مذموم فعل کا ارتکاب ہر گز ہرگز نہ کیا جائے ۔ رسول ِکریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا : من نظرفی کتاب اخیہ بغیراذنہ فانماینظرفی النارترجمہ: جس نے اپنے بھائی کے خط میں بغیر اس کی اجازت کے دیکھا تو یقینا وہ آگ میں نظر کررہا ہے ۔ (سنن ابی داؤد ؛ کتاب الصلوٰۃ ، باب الدعا ؛ حدیث نمبر 1485، مطبوعہ بیروت لبنان ) اس حدیث پاک کی شرح کرتے ہوئے علامہ محمود بن احمد بدر الدین عینی حنفی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : زعم بعض اھل العلم انہ ارادبہ الکتاب الذی فیہ أمانۃ وسرّ۔۔۔۔۔وقیل ھوعام فی کل کتاب لان صاحب الشیءاولی بمالہ ترجمہ : بعض اہل علم نے فرمایا کہ اس حدیث میں خط سے مراد وہ خط ہے جو بطور امانت کسی کے پاس رکھا ہو یا ایسا خط جس میں کوئی راز (secret) موجود ہو اور ایک قول کے مطابق یہ فرمان ہر خط سے متعلق ہے کیونکہ جو چیز کا مالک ہے وہی اس کا زیادہ حقدار ہے ۔ (شرح سنن ابی داؤد ؛ جلد نمبر 05 صفحہ نمبر 400؛ مطبوعہ الریاض) سیدی اعلی حضرت علیہ الرحمہ کسی کا خط بغیر اجازت پڑھنے کے حوالے سے فرماتے ہیں : بکر کو اصلاً اختیار نہیں نہ خالد کے خطوط روکنے کا نہ دیکھنے کا اور وہ ضرور گنہگا ر ہوگا ۔ ( فتاوی رضویہ ، جلد نمبر 24، صفحہ نمبر 713، رضافاؤنڈیشن) اللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہوسلم

حرام و حلال1 جواب
18 اکتوبر، 2024

سوال : مفتی صاحب میرا بینک میں PLSاکاونٹ ہے ، مجھے کسی نے بتایا کہ یہ اکاونٹ کھلوانا جائز نہیں ہے ، کیا یہ درست ہے ، اگر یہ اکاونٹ کھلوانا جائز نہیں تو اس کی وجہ کیا ہے اور اب میں کیا کروں ؟

جواب : PLS اکاونٹ ایک سودی اکاونٹ ہے کیونکہ اس اکاونٹ میں جو رقم رکھوائی جاتی ہے وہ قرض کے حکم میں ہے اور اس اکاونٹ کے ذریعے بینک اپنے کسٹمر کو منافع دے رہا ہوتا ہے ، اور قرض پر مشروط نفع کا حاصل کرنا سود ہے لہذا جس نے آپ سے کہا ہے کہ یہ اکاونٹ کھلوانا جائز نہیں اس نے بالکل درست کہا ہے لہذا آپ اپنے اس اکاونٹ کو کھلوانے کی وجہ سے گنہگار بھی ہوئے ہیں ۔ آپ توبہ بھی لازم ہے اور یہ بھی لازم ہے کہ فورا ہی اپنے اس اکاونٹ کو ختم کریں نیز اس اکاونٹ کی وجہ سے اب تک جو نفع کی رقم ملی ہو اسے شمار کرکے کسی شرعی فقیر کو بغیر ثواب کی نیت کے مالک بنادیں۔ کیونکہ سود کی رقم کو اپنے استعمال میں لانا جائز نہیں ہے ۔ واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

حرام و حلال1 جواب
18 اکتوبر، 2024

سوال : مفتی صاحب میری رہنمائی فرمادیجئے کسی ذریعے سے میرے پاس سود کی رقم آگئی ہے ، مجھے علم نہیں تھا کہ یہ سود ہے ، لیکن جیسے ہی پتا چلا میں نے فورا توبہ کرلی ہے ، لیکن پریشان ہوں کہ یہ رقم میرے پاس ہے اس کا کیا کروں ؟

جواب : یہ اللہ پاک کی رحمت ہے کہ اس نے آپ کو سودی معاملے سے خلاصی پانے کی کی سوچ عطا فرمائی ہے اس پر اللہ پاک کا شکر ادا کرنا چاہیئے اور ہمیشہ کسی بھی ایسے معاملے کی طرف جائیں جس میں شبہ ہو یا اس بارے میں علم نہ ہو کہ یہ درست ہے یا نہیں تو سب سے پہلے کسی مستند عالم دین ، مفتی صاحب سے رہنمائی ، وہ کام کرنے سے پہلے لازمی لے لی جائے تاکہ سودی یا کسی حرام معاملے میں مبتلا ہونے سے بچ جائیں ۔ آپ کے پاس جو سودی رقم آگئی ہے اس کا شرعی حکم تو یہ ہے کہ جس سے آپ نے یہ سود کی رقم لی ہے اس کو واپس کردیں یا بغیر ثواب کی نیت کے آپ وہ رقم شرعی فقیر کو دے دیں ۔ آپ کو اختیار ہے ، بس کسی طرح اس رقم کو خود سے جلد ہی علیحدہ کرلیں ۔ فتاوی رضویہ میں امام اہلسنت ، امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ نے سودی رقم کا حکم بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا : سُود یا اس جیسی اشیاء میں فسادِ مِلک اور خباثت کی بناء پر بوجہ قبضہ اس کا مالک بن گیا تو جس سےمال لیاگیا اب اس کی ملکیت باقی نہ رہی (بلکہ ختم ہوگئی) اس لئے کہ ایک چیز پر بیک وقت دو مِلک جمع ہونے محال ہیں (کہ اصل شخص بھی مالک ہو اور سودخور بھی۔ مترجم) لہٰذا مال ماخوذ کا واپس کرنا ضروری نہیں بلکہ اس سے علیحدگی واجب ہے خواہ بصورتِ رد (یعنی لوٹانے کے) ہو یا بصورتِ خیرات، جیسا کہ تمام املاکِ خبیثہ میں یہی طریقہ ہے۔ (فتاوی رضویہ ، جلد 23، صفحہ 551، مطبوعہ رضا فاونڈیشن)

حرام و حلال1 جواب
18 اکتوبر، 2024